
کوئٹہ: صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر ریڈ زون میں سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلی ہاوس اور گورنر ہاوس جانے والے تمام اہم راستوں کو ٹرک کھڑے کر کے سیل کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔سکیورٹی ہائی الرٹ کے تحت پولیس اور ایف سی کے اہلکاروں کی اضافی نفری کوئٹہ شہر، ریڈ زون اور تمام اہم سرکاری عمارتوں پر تعینات کر دی گئی ہے، جبکہ شہر بھر میں نگرانی کا عمل مزید سخت کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور طبی عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں، غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔



