
اسلام آباد: نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر جان محمد بلیدی نے نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما، رکن صوبائی اسمبلی اور چیئرمین خیرجان بلوچ کے قریبی عزیز عبدالغفور رند کے گھر پر مسلح افراد کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے امن و امان کے لیے ایک سنگین چیلنج قرار دیا ہے۔ حملے میں عبدالغفور رند کے فرزند محدود رند جاں بحق جبکہ ان کے بھائی عابد شدید زخمی ہوگئے۔سینیٹر جان محمد بلیدی نے اپنے بیان میں کہا کہ بے گناہ انسانی جان کا ضیاع کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کو دانستہ طور پر خانہ جنگی اور برادر کشی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، جبکہ پورے علاقے میں انارکی کی صورتحال پیدا کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرزِ عمل سے کسی تحریک کو تقویت نہیں مل رہی بلکہ معاشرے کو آپس میں دست و گریباں کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ریاست بلوچستان میں امن و امان کے قیام میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور عملا صوبے کے مختلف علاقوں میں حکومت کی رٹ نظر نہیں آ رہی۔جان محمد بلیدی نے چیئرمین خیرجان بلوچ، عبدالغفور رند، ان کے اہلِ خانہ اور دیگر سوگواران سے دلی تعزیت اور گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی محدود رند کی مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا کرے، لواحقین کو صبرِ جمیل دے اور زخمی عابد کو جلد صحتِ کاملہ عطا فرمائے۔



