جعفرآبا ریلوے ٹریک پر دھماکہ 2فٹ پٹڑی تباہ جعفر ایکسپریس پر فائرنگ، ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی
January 7, 2026
جعفرآبا ریلوے ٹریک پر دھماکہ 2فٹ پٹڑی تباہ جعفر ایکسپریس پر فائرنگ، ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی
جعفرآباد(یو این اے )نوتال کے قریب ریلوے ٹریک پر زور دار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں ریلوے لائن کے تقریبا دو فٹ حصے کو شدید نقصان پہنچا اور ٹرینوں کی آمدورفت کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کیا گیا جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کر لیا گیا۔ خوش قسمتی سے دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔دوسری جانب منگولی پولیس تھانہ کی حدود میں کجلا لاڑو اور ملوک لاڑو کے درمیان جعفر ایکسپریس پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور ریلوے حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے صورتحال پر قابو پایا، تاہم فائرنگ کے واقعے میں بھی کوئی جانی یا مالی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔حکام کے مطابق سیکیورٹی کلیئرنس مکمل ہونے کے بعد جعفر ایکسپریس کو بحفاظت اپنی منزل کی جانب روانہ کر دیا گیا، جبکہ متاثرہ ریلوے ٹریک کی مرمت کے لیے ریلوے حکام کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ دونوں واقعات کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور نامعلوم ملزمان کی تلاش جاری ہے۔