بلوچستان

سبی اور لورالائی ڈویژنز کو اے ایریا قرار دے کر لیویز کو پولیس میں ضم کرنے کا نوٹیفکیشن مسترد

سبی اور لورالائی ڈویژنز کو اے ایریا قرار دے کر لیویز کو پولیس میں ضم کرنے کا نوٹیفکیشن مسترد
کوئٹہ(یو این اے )پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں سبی ڈویژن اور لورالائی ڈویژن کو مکمل طور پر اے ایریا قرار دے کر لیویز فورس کو پولیس میں ضم کرنے کے نوٹیفکیشن کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان پولیس ایکٹ 2011 اور لیویز فورس ایکٹ 2025 کے تحت جاری نوٹیفکیشن کے ذریعے نہ صرف لیویز فورس کو پولیس میں ضم کیا جا رہا ہے بلکہ سبی اور لورالائی ڈویژنز میں خدمات انجام دینے والی صوبائی اور سابق وفاقی لیویز فورس بشمول سی پیک ونگ کے اہلکاروں کو ان کے موجودہ عہدوں، تنخواہوں، سروس اسٹرکچر اور مراعات سمیت پولیس کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ لیویز فورس کے تمام وسائل، بجٹ، اسلحہ، گولہ بارود، ناکے، چیک پوسٹس، سرکاری گاڑیاں، ریکارڈ، تفتیشی امور، تربیتی ادارے اور دیگر انفراسٹرکچر بھی پولیس کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی ابتدا ہی سے لیویز فورس کے خاتمے کے خلاف جاری سازشوں کو بے نقاب کرتی رہی ہے اور اس کی بھرپور مخالفت کرتی آئی ہے۔ لیویز فورس نے صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے تاریخی کردار ادا کیا ہے اور بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ لیویز کو جدید تربیت، اسلحہ اور وسائل فراہم کرنے کے بجائے پولیس میں ضم کرنا ایک غلط فیصلہ ہے جو وقت کے ساتھ مزید مسائل کو جنم دے گا۔بیان میں فارم 47 کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جس انداز سے یہ حکومت صوبے پر مسلط کی گئی ہے اس کا مقصد آئین، جمہوریت اور عوامی حقوق کو پامال کرنا ہے۔ غیر آئینی، غیر قانونی اور غیر جمہوری طریقے سے قوانین میں رد و بدل کر کے آمرانہ نظام مسلط کیا جا رہا ہے، جبکہ ایسی حکومت کو اس قسم کے فیصلے کرنے یا قوانین میں تبدیلی کا کوئی آئینی اختیار حاصل نہیں۔پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ لیویز کو پولیس میں ضم کرنے کا مقصد غیر ترقیاتی بجٹ میں اضافہ اور دور دراز علاقوں میں قائم امن و امان کو تباہ کرنا ہے۔ پارٹی غیر منتخب نمائندوں پر مشتمل اسمبلی اور اس کے بنائے گئے قوانین و ترامیم کو کلی طور پر مسترد کرتی ہے اور اسے عوام کو حاصل امن کو بدامنی میں تبدیل کرنے کی گہری سازش قرار دیتی ہے۔آخر میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت سبی اور لورالائی ڈویژنز میں لیویز فورس کو پولیس میں ضم کرنے کا حالیہ نوٹیفکیشن فوری طور پر واپس لے اور پورے صوبے میں لیویز فورس کو بحال کرتے ہوئے انہیں جدید اسلحہ، وسائل اور تربیت فراہم کر کے امن و امان کی ذمہ داریاں سونپی جائیں۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button