بلوچستان، 2025 میں ٹریفک حادثات کا خطرناک ریکارڈ، 430 افراد جاں بحق، 33 ہزار سے زائد زخمی
January 4, 2026
بلوچستان، 2025 میں ٹریفک حادثات کا خطرناک ریکارڈ، 430 افراد جاں بحق، 33 ہزار سے زائد زخمی
بیلا(یو این اے )یکم جنوری سے 31 دسمبر 2025 تک بلوچستان بھر کی شاہراہوں پر پیش آنے والے 24 ہزار 484 ٹریفک حادثات میں 33 ہزار 972 افراد زخمی جبکہ 430 افراد جاں بحق ہوگئے۔ میڈیکل ایمرجینسی ریسپانس سینٹرز بلوچستان کی سالانہ رپورٹ کے مطابق اس دوران مجموعی طور پر 3 ہزار 259 او پی ڈیز بھی کی گئیں۔رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ حادثات این 50 ژوب پر 7 ہزار 867، این 25 ترمہ خضدار پر 5 ہزار 3، این 25 وندر پر 1 ہزار 675، این 25 لکپاس پر 1 ہزار 81، این 28 سرانان پشین پر 1 ہزار 3 جبکہ این 25 باغبانہ خضدار پر 585 حادثات رپورٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ این 8، این 10، این 40، این 65، این 70، این 85 اور این 86 سمیت دیگر قومی شاہراہوں پر بھی سیکڑوں حادثات پیش آئے۔عوامی حلقوں نے بلوچستان بھر میں ٹریفک حادثات اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومتی عدم توجہی اور ڈرائیورز کی لاپراہی و غفلت کو حادثات کی بنیادی وجوہات قرار دیا ہے۔ عوامی نمائندوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بلوچستان کے عوام کو محفوظ سفر کی سہولت فراہم کرنے کیلئے سڑکوں کی بہتری، ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد اور مثر حفاظتی اقدامات فوری طور پر کیے جائیں۔