
جرگے کے غیر قانونی عمل پر 7 افراد کے خلاف مقدمہ، ایک گرفتار،پولیس
کوئٹہ(یو این اے )بلوچستان کے ضلع موسی خیل میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں مقامی جرگے نے دکان میں چوری کے شبے میں 8 افراد کو دہکتے انگاروں پر چلایا۔ جیو نیوز کے مطابق جرگے نے چوری کے شبے کی سچائی معلوم کرنے کے لیے روایتی طریقہ استعمال کیا، تاہم انگاروں پر چلنے والے تمام افراد محفوظ رہے اور کسی کو کوئی زخم نہیں آیا۔واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے جرگے کے اس غیر قانونی عمل پر کارروائی کرتے ہوئے 7 افراد کو مقدمے میں نامزد کردیا ہے۔ پولیس کے مطابق جرگہ ممبران میں سے ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ دیگر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ قانون سے بالاتر کسی روایت یا فیصلے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ریاستی قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔



