بلوچستانتازہ ترین

عمران خان کو مذاکرات کی دعوت سے انکارسنگین ترین غلطی تھی

افغانستان میں چالیس سالہ خونریز جنگ دراصل افغانستان میں غیروں کی موجودگی کا نتیجہ تھا محمود خان اچکزئی

عمران خان کو مذاکرات کی دعوت سے انکارسنگین ترین غلطی تھی پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی
کوئٹہ(یو این اے )پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ملک بحرانی صورتحال اور ملک کے آئینی اداروں کی تقسیم سے سخت تشویش لاحق ہے اگر ہم نے اپنی روش نہ بدلی تو ملک مزید بحرانوں کا شکار ہوگا ، تمام سیاسی پارٹیوں ، عدلیہ ، فوج ، میڈیا اوردیگر سٹیک ہولڈرز کی گول میز کانفرنس بلا کر ملک کو درپیش بحرانی صورتحال پر بحث کی جائے تاکہ ملک کو بحرانوں سے نکالا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ناانصافیوں سے مسائل پیدا ہوتے ہیں جب لیگ آف نیشن بنا تھا اُس وقت آزاد ملکوں کی تعداد 65تھی اور 100سال سے کم عرصے میںناانصافیوں کے نتیجے میں 192ممالک بن چکے ہیں ،عالمی رینکنگ کے مطابق پاکستان مختلف شعبہ جات میں دنیا کے مقابلے میں بہت پیچھے رہ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو مذاکرات کی دعوت سے انکارسنگین ترین غلطی تھی ،سیاسی مسائل کا حل سیاسی اور جمہوری مذاکرات کے ذریعے حل نکالا جاتا ہے ۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی نے ہمیشہ سیاست میں سٹیبلشمنٹ ، فوج ، عدلیہ اور دیگر ریاستی اداروں کی مداخلت کے خلاف آواز بلند کی ہے ۔ ہماری یہ آواز کسی بھی ادارے کو ناگوار گزری ہو تو ہم اپنے سیاسی ویژن سے دیکھ رہے تھے کہ مداخلت کے نتیجے میں ملک بحرانوں کا شکار ہوجائیگا، ہماری سیاسی ویژن اور خدشات درست ثابت ہوئے ہیں ، آج ملک آئینی ، سیاسی ، جمہوری ، معاشی اور معاشرتی بحرانوں کا شکار ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں چالیس سالہ خونریز جنگ دراصل افغانستان میں غیروں کی موجودگی کا نتیجہ تھا ، افغان عوام اپنی خودمختاری کیلئے حضرت عیسیٰ کی پیدائش سے پہلے اور آج تک تمام حملہ آوروں اور قبضہ کرنیوالے قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے چلے آئے ہیں ، چالیس سالہ جنگ کے بعد بھی افغانستان کسی کا مقروض نہیں ہے اور آج بھی افغانستان کی کرنسی ہمسایہ ملکوں کی کرنسیوں سے زیادہ مضبوط ہے ۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی نے مسلسل افغانستان میں ہمسایوں کی مداخلت کی روک تھام کی بات کی ہے ، اقوام متحدہ اور دنیا کے جمہوری ممالک کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ افغانستان میں ہمسایوں کی مداخلت کی مکمل روک تھام کریں اور اس بات کی مکمل گارنٹی ہو کہ افغانستان کے استقلال ، ملی حاکمیت اور ارضی تمامیت کا تحفظ ہو۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے ضلع کوئٹہ میں کچلاغ تحصیل کانفرنس کے اوپن سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تحصیل کچلاغ کانفرنس پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال کی صدارت میں منعقدہوا۔ جس میں 27رکنی تحصیل کچلاغ ایگزیکٹو کونسل کا انتخاب کیاگیا ۔ تفصیلی بیان اور دیگر مقررین کے تقاریر کا متن کل اخبارات کو جاری کیا جائیگا ۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button