
کوئٹہ(یو این اے )جوڈیشل مجسٹریٹ کوئٹہ 12محترمہ ثمینہ نسرین نے بارکھان میں کنویں سے خاتون سمیت 3افراد کے قتل کے الزام میںگرفتار صوبائی وزیر مواصلات وتعمیرات سردارعبدالرحمن کھیتران کو 10روزہ ریمانڈ پر کرائم برانچ پولیس کے حوالے کرنے کاحکم دیدیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بارکھان میں کنویں سے خاتون سمیت 3افراد کی لاشیں برآمد ہوئی تھی جس کے قتل کے الزام میں پولیس کی جانب سے وزیر مواصلات سردار عبدالرحمان کھیتران کو حراست میں لے لیا گیااور جمعرات کے روز جوڈیشل مجسٹریٹ کوئٹہ 12کے روبرو پیش کیاگیا ۔کرائم برانچ پولیس کی جانب سے ملزم سردارعبدالرحمن کھیتران کی 10روزہ ریمانڈ کی استدعاکی گئی جس پر عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سردارعبدالرحمن کھیتران کو 10روزہ ریمانڈ پر کرائم برانچ کے حوالے کردیا۔یادرہے کہ پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سردار عبدالرحمان کھیتران کو بارکھان میں 3 افراد کے قتل کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے اور تفتیش کے بعد مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔سردار عبدالرحمان کھیتران نے خود پر لگے الزامات کی سختی سے تردید کی تھی جبکہ سردار عبدالرحمان کھیتران کے گھر سے گراں ناز مری کے بچوں کی مبینہ تصاویر بھی سامنے آئی ہیں جس میں سردار عبدالرحمان کھیتران کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بلوچستان کے علاقے بارکھان سے تعلق رکھنے والی خاتون اور ان کے دو بیٹوں کی لاشیں ملیں، چند روز قبل سوشل میڈیا پر خاتون کی قرآن پاک ہاتھ میں لیے نجی جیل سے رہائی کی دہائیاں دیتی ہوئی ویڈیو سامنے آئی تھی۔صوبائی وزیرسردارعبدالرحمن کھیتران کو سخت سیکیورٹی حصار میں کچہری لایاگیا اور عدالت میں پیش کیاگیا۔



