اسلام آباد ،،وفاقی وزیر منصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی لازوال دوستی ہے اور سی پیک منصوبہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کررہاہے ، اس منصوبے کی بدولت میں پاکستان میں نہ صرف لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ممکن بنایا گیا بلکہ ملتان تاسکھر موٹر وے تعمیر کی گئی اور اب حیدر آباد سے سکھر موٹر وے کا سنگ بنیاد بھی رکھ دیا گیا ہے ، وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ چین کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور چین مزید سرمایہ کاری کررہا ہے ۔ انہوںنے یہ بات چینی سفارتخانے میں سی پیک منصوبوں پر کام کر نے والی کمپنیوں کے پاکستانی ورکرز کو بہترین کار کر دگی پر ایوارڈز دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر چین کے سفیر نونگ رونگ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔ احسن اقبال نے اپنے خطاب میں کہاکہ 2013ء میں جب نوازشریف وزیر اعظم منتخب ہوئے تو چین کے ساتھ سی پیک منصوبے کا آغاز کر نے کے ایم او یو پر بیجنگ میں دستخط کئے گئے تاہم 2014ء میں ایک سیاسی جماعت کے دھرنے کے باعث چینی صدر کا دورہ آٹھ ماہ کیلئے ملتوی ہوا جس کا پاکستان کو بہت نقصان ہوا ۔انہوںنے کہاکہ چینی صدر شی جن پنگ 2015ء میں پاکستان کے دورے پر آئے جس میں سی پیک کے تاریخی منصوبے کا باقاعدہ آغاز ہوا ۔انہوںنے کہاکہ 2018ء سے پہلے دس سے سولہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی ، پاکستان کی صنعتوں کو بہت نقصان پہنچ رہا تھا تاہم چینی کمپنیوں نے پاکستان میں منصوبے لگائے اور 2018ء میں (ن)لیگ کی حکومت کے خاتمے کے وقت لوڈشیڈنگ مکمل طورپر ختم ہو چکی تھی ، گزشتہ چار سال میں سی پیک کو نظر انداز کیاگیا اور اب وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ چین کے بعد منصوبوں میں تیزی لائی گئی ہے اور جے سی سی کے گیارہ میں سے آٹھ اجلاسوں کی صدارت میں نے کی ہے ،میرا ارادہ ہے کہ میں دوبارہ چین کا دورہ کروں تاکہ چینی صدر اور وزیر اعظم شہباز شریف کی ملاقات میں ہونے والی بات چیت میں جن منصوبوں کوآگے بڑھانے کا فیصلہ ہوا تھا ان کی پیشرفت کا جائزہ لے سکوں ۔احسن اقبال نے کہاکہ سی پیک منصوبے کے شروع ہونے کے بعد دیگر ممالک نے بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کا آغاز کیا جو خوش آئند بات ہے ۔ انہوںنے سی پیک منصوبوں پر کام کر نے والے تمام کارکنوں جن میں چینی اور پاکستانی شامل ہیں کو ان کی انتھک محنت پر خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ یہ لوگ دونوں ممالک کے ہیروز ہیں اور آج چند ہیروز کو ایوارڈ ز دیئے جارہے ہیں ۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں چین کے سفیر نو نگ رونگ نے کہاکہ پاکستان اور چین کی دوستی مثالی ہے اور پاکستان میں سی پیک کا منصوبہ دونوں ممالک کے لئے اہمیت کا حامل ہے اور اس پر تیزی سے کام جاری ہے ،انفراسٹرکچر کے علاوہ زراعت کے شعبے میں تعاون کو فروغ دیا جارہاہے ۔ انہوںنے ایوارڈز جیتنے والے پاکستانی کار کنوں کومبارکباد دی