پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے صدر وسابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان ملک دشمنی پر اترآئے ہیں ،جب بھی پاکستان ترقی کی راہ پرگامزن ہوتاہے عمران خان کی جانب سے لانگ مارچ کااعلان کردیاجاتاہے ،موجودہ حکومت نے سیاست کو پس پشت ڈال کر ریاست بچانے کیلئے کوششیں شروع کیں جس میں وزیراعظم شہبازشریف اور اس کی ٹیم کو کامیابی بھی ملی لیکن اب ایک بارپھر سلیکٹڈ اپنی من مانی کیلئے لانگ مارچ کررہے ہیں لیکن عوام باشعور ہوچکی وہ اس کے نرغے میں نہیں آئے گی ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے لانگ مارچ کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ جمال شاہ کاکڑ نے کہاکہ سلیکٹڈ کے دور اقتدار میں پاکستان مہنگائی ،بے روزگاری ،لاقانونیت جیسے مسائل سے دوچار ہوا جبکہ ملکی معیشت تباہ ہوگئی ،دنیا بھر نے پاکستان سے منہ پھیر لیا عوام نان شبینہ کی محتاج ہوگئی اور ریاست دائو پر لگ گئی لیکن پھر حقیقی سیاسی جماعتوں نے ریاست اور عوام کو بچانے کیلئے آگے بڑھیں مسلم لیگ(ن) کی قیادت میں مخلوط حکومت نے ملک کو مشکلات سے نکالنے کیلئے کوششیں شروع کردی انہوں نے کہاکہ پھر وہ وقت بھی آیا کہ جب ریاست کے خلاف تمام کوششیں ناکام ہوئی اورپاکستان گرے لسٹ سے نکل آیا لیکن آج ایک بارپھر ملک ترقی کی راہ چل پڑاہے تو عمران خان نے لانگ مارچ کااعلان کردیاہے لیکن اب عوام باشعور ہوچکی ہے وہ اس دغاباز کے دعوئوں میں نہیں آنے والی ،انہوں نے پہلے جو سبزباغ دکھائے اس میں ناکام ہوئے ہیں ،ملکی معیشت اور سیاسی طورپر پاکستان مضبوط ہورہاہے تو عمران خان لانگ مارچ کرکے مزید مشکلات پیدا کرناچاہتے ہیں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان ملک دشمنی پر اترآئے ہیں ،جب بھی پاکستان ترقی کی راہ پرگامزن ہوتاہے عمران خان کی جانب سے لانگ مارچ کااعلان کردیاجاتاہے۔