لاپتہ افراد کا مسئلہ مشترکہ انسانی مسئلہ ہے۔نوجوانوں کو مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیئے علم و دانش سے آراستہ کرنا ہو گا۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ۔ وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس میں نیشنل پارٹی شرکت کریگی ۔ کوئٹہ/ نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے جمعہ کے روز مسنگ فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین ماما قدیر بلوچ اور وائس چیئرمین نصراللہ بنگلزئی نے نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ میں ملاقات کی اور دس دسمبر کو وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے زیر اہتمام منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اسلم بلوچ بی ایس او پیار کے مرکزی چیرمین زبیر بلوچ نیاز بلوچ علی احمد لانگو ریاض زہری غفار قمبرانی انیل غوری نعیم بنگلزئی سمیت پارٹی رہنما موجود تھے۔ ڈاکٹر مالک بلوچ نے واضع کی کہ نیشنل پارٹی کانفرنس میں بھرپور انداز میں شریک ہوگی۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے طویل کھٹن اور صبر آزما جدوجہد کو سراہتے ہوئے لاپتہ افراد کے مسئلے کو مشترکہ انسانی مسئلہ قرار دیا اور واضع کیا کہ سیاست اور جدوجہد میں حقیقت پسندی لازمی امر ہے ہمیں چاہیے کہ مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیئے اپنے نوجوانوں کو جدید علوم اور دانش سے آراستہ کریں ڈاکٹر مالک بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی نے روز اول سے لاپتہ افراد کے مسئلے کو انسانی المیہ قرار دیا ہے نیشنل پارٹی کو اس امر کا اندازہ ہے لاپتہ افراد کے لواحقین کن مشکلات سے دوچار اذیت کی زندگی گزار رہے ہیں سیاست سے ہٹ کر اس مسئلے کو قومی انسانی اور مشترکہ مسئلہ تصور کرتے ہوئے اس کے حل کے لیئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنا چاہیے۔