سعودی خاتون نے ’فیملی ریستوران‘ کھول لیا، ماہانہ 40 ہزار ریال آمدنی
Share
SHARE
سعودی عرب کے شہر الھفوف میں مقامی خاتون نورہ الحمود کو اپنے ’فیملی ریستوران‘ سے ماہانہ 40 ہزار ریال آمدنی ہو رہی ہے۔
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے نورہ الحمود نے کہا کہ ’سعودی خواتین زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی شناخت بنارہی ہیں۔ کاروباری منصوبے شروع کرنا اور انہیں کامیاب بنانا سعودی خواتین کی شناخت بنتی جا رہی ہے‘۔
انہوں نے بتایا کہ ’فیملی ریستوران کھولنے سے قبل چار برس سے زیادہ عرصے تک پرائیویٹ سیکٹر میں ریستوران کا تجربہ حاصل کیا ہے۔‘
’جب یہ احساس ہوا کہ ریستوران اپنے طور پر چلاسکتی ہوں تب اپنے اہل خانہ سے مدد طلب کی۔ شوہر اور بچوں نے بھرپور تعاون دیا۔ فیملی ریستوران کھولنا میرا خواب تھا جو پورا ہو گیا‘۔
نورہ الحمود کا کہنا تھا کہ ’بچپن سے پکوان کا شوق ہے۔ اسی شوق نے چار برس تک شہر کے ایک معروف ریستوران میں کام کرنے پر آمادہ کیے رکھا۔‘
سعودی خاتون کا کہنا تھا کہ ’میرے شوہر نے اپنا ریستوران کھولنے کے خیال کی سپورٹ کی۔ اب تقریبا ڈیڑھ برس سے فیملی ریستوران چلا رہی ہوں۔ ماہانہ آمدنی چالیس ہزار ریال سے زیادہ ہے۔‘
نورہ الحمود نے بتایا کہ’ وزارت ثقافت پکوان کورس کرا رہی ہے۔ اس میں شرکت کی اور خود کو اپ ڈیٹ کیا۔ اب دیگر شہروں میں فیملی ریستوران کی مزید شاخیں کھولنے کا ارادہ ہے‘۔