بلو چستان میں مون سون بارشوں کے آخری اسپیل کے دوران آنے والے سیلابی ریلوں سے سبی جیکب آباد ریلوے سیکشن پر 100 کلومیٹر ٹریک متاثر ہونے کی وجہ سے کوئٹہ سے اندورن ملک ٹرین سروس ڈھائی ماہ بند رہی اب محکمہ ریلویز نے پشاورسے مچھ تک جعفر ایکسپریس کی سروس بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔بارشوں کے دوران ریلوے ٹریک کے ساتھ ہی درہ بولان میں ہرک کے مقام پر انگریز دور کا بنا ہوا 130 سالہ پرانا پل بھی گر گیا تھا جس کی مرمت کا کام این ایل سی کی نگرانی میں آئندہ سال جنوری تک مکمل ہونے کا امکان ہے محکمہ ریلویز کی جانب سے پشاور سے مچھ تک جعفر ایکسپریس کو 10 نومبر سے بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم نامعلوم وجوہات کی بنا پر اب یہ تاریخ 20 نومبر تک بڑھا دی گئی ہے اور اب محکمہ ریلوے کا کہنا ہے کہ پشاور تا مچھ ریلوے سروس 20 نومبر سے بحال کی جائے گی۔