چئیر مین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفیٰ کمال نے پاک سر زمین پارٹی بلوچستان کے نائب صدر اور منتخب کونسلر عبدالستار جمالی سمیت کونسلر اتحاد اوستہ محمد کے خلاف نااہل، کرپٹ اور متعصب ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بے بنیاد ایف آئی آر درج کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سردیاں شروع ہوچکی ہیں لیکن اسکے باوجود تحصیل اوستہ محمد کے سیلاب متاثرین کھلے آسمان تلے بے یار و مددگار پڑے ہوئے ہیں۔ سیلاب زدگان کے نام پر بین الاقوامی اداروں اور حکومتوں سے بھرپور فنڈ اور امداد وصول کرنے کے باوجود غریب سیلاب متاثرین کا کوئی پرسان حال نہیں، ضلعی انتظامیہ مخصوص وڈیروں کی زر خرید غلام بن کر حکومت اور دیگر اداروں کی طرف سے ملنے والی امداد وڈیروں کے گوداموں میں منتقل کر رہی ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔ اس بندر بانٹ کے خلاف پاک سرزمین پارٹی اور کونسلر اتحاد کافی دنوں سے سراپا احتجاج ہیں، عوامی ردعمل سے خوفزدہ انتظامیہ پہلے پی ایس پی کے کونسلرز، رہنماؤں اور کونسلر اتحاد کے رہنماؤں کو دھمکیاں دیتے رہے اور آج اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے رہنماؤں کے خلاف ایف آئی آر درج کروا دی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوستہ محمد سے منتخب پی ایس پی کے کونسلرز سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سید مصطفیٰ کمال نے وفاقی حکومت، عدلیہ اور حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا ہے کہ پاک سرزمین پارٹی بلوچستان کے نائب صدر اور منتخب کونسلر عبدالستار جمالی اور کونسلر اتحاد کے تمام رہنماؤں کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر فی الفور واپس لی جائے، سیلاب متاثرین کی امداد میں خرد برد کرنے والی ضلعی انتظامیہ کے خلاف تحقیقات کی جائیں اور غریب سیلاب متاثرین کو بھوک اور سردی سے لقمہ اجل بننے سے محفوظ کیا جائے۔